دنیا کی بڑی اقتصادی طاقتوں پر مشتمل تنظیم گروپ جی ٹوئنٹی سربراہ کا اجلاس آج ارجنٹینا میں شروع ہورہاہے۔
ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہونے والے جی 20 کے سربراہ اجلاس کے ایجنڈے میں مالیاتی و اقتصادی معاملات، سماجی و انسانی مسائل، موسمیاتی تبدیلی، کرپشن، انفرا اسٹرکچر اور دیگر مسائل شامل ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے یوکرین کے تنازع کے باعث اجلاس کے موقع پر روسی صدر پیوٹن سے ملاقات منسوخ کردی۔دو روزہ اجلاس کے موقع پر عالمی لیڈروں کے درمیان دو طرفہ ملاقاتیں ہوں گی جن میں صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کی مجوزہ ملاقات کو خاص اہمیت دی جارہی تھی لیکن روس کی جانب سے یوکرین کے بحری جنگی جہازوں پر قبضے کے بعد امریکا نے یہ ملاقات منسوخ کردی ہے، ملاقات کی منسوخی کا اعلان امریکی صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کیا۔دوسری جانب فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا ہے کہ وہ اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ اٹھائیں گے۔
جرمن چانسلر اینجلا مرکل جی ٹوئنٹی کی افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہوسکیں گی، ان کا طیارہ ارجنٹینا کے لیے پرواز کرچکا تھا لیکن فنی خرابی کے باعث طیارے کو کولون بون ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔امکان ہے کہ عالمی رہنماؤں سے اینجلا مرکل کی ملاقاتوں کا شیڈول بھی متاثر ہوگا۔