یپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے رانا ثنا کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں سے ملک چل نہیں رہا بس ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پارک لین کرپشن کیس میں ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا اور اس موقع پر کمرہ عدالت میں انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔
آصف علی زرداری نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما پر بڑا بھونڈا الزام لگایا گیا ہے، کیا وہ اپنی ہی گاڑی میں منشیات لے کر جارہے ہوں گے، ان سے ملک چل نہیں رہا،بس ٹیکس لگاتے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے وزیر اعظم کی پارلیمنٹ میں تقریرسنی تھی، جس پر سابق صدر نے کہا کہ استرا آگیا ہے اور چل رہا ہے، ہم تو لڑ ہی رہے ہیں، لڑتے رہیں گے۔
پیشی کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا چیئرمین سینیٹ بچ جائیں گے؟ جس پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کون کہہ رہا ہے۔
گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو نشر ہونے سے روکنے سے متعلق سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ کمزور لوگ ایسا ہی کرتے ہیں۔