اسلام آباد (پاک الرٹز) وفاقی حکومت نے عوام کو سستی اشیاءاور روزگار کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت ملک میں 50 ہزار نئے ریٹیل اسٹورز (پرچون کی دکانیں) کھولے جائیں گے۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریٹیل سٹورز کھولنے کے لیے شہریوں کو 5 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا اور 1500 ریٹیل سٹورز فوری طور پر کھولے جائیں گے۔
اخباری ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیل سٹورز کو60 فیصد اشیاءیوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سپلائی کرے گا جب کہ باقی 40 فیصد اشیاءکا بندوبست اوپن مارکیٹ سے سٹور مالکان خود کریں گے۔ اِس منصوبے سے 50 ہزار خاندانوں کوبراہ راست روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جس کیلئے ابتدائی طورپر 25ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راشن کارڈ اسکیم کو حتمی شکل دینے کا عمل بھی آخری مرحلے میں ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 7 ارب روپے کا ریلیف پیکچ رمضان کے بعد تک جاری رکھنے کاحکم دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے اربوں روپے کا ایک اورریلیف پیکیج دیا جائیگا اور اضافی وسائل فراہم کیے جائیں گے،
غریب افراد کیلئے راشن کارڈ کی بھی منظوری دی جائیگی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کوریلیف پیکیج کی سمری کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔