چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو پرانے سیاستدانوں کے حوالے نہیں کر سکتے، ملکی سیاست میں طاہر القادر ی جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔
لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاہورکے عوام پر کبھی کوئی شوباز تو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کیا جاتا ہے، کیا لاہور کی قسمت میں لکھا ہے انہی کو بار بار منتخب کروانا ہے؟ یہ سب باری باری کبھی ایک کبھی 3 دفعہ وزیر اعظم رہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک طرف معاشی بحران جبکہ دوسری طرف سیاست میں بحران ہے، ہمارے ملک میں جمہوری بحران بھی ہے، ایک بار پھر ملک میں دہشتگرد سر اٹھا رہے ہیں، جو نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں ملک تقسیم ہو رہا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جو وعدے کرتی ہے وہ پورے کر کے دکھاتی ہے، جو امیر اور اشرافیہ کا حصہ ہیں ان سے اپنا حصہ واپس لیں گے، مایوس نہ ہوں بلاول میدان میں ہے آپ کو حق دلواؤں گا۔
بانی پی ٹی آئی کے بارے میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کو کہتے تھے سیاست کروں گالم گلوچ سیاست نہیں، ان کو کہتے تھے مخالفین کو جیلوں میں ڈالنا سیاست نہیں، (ن) لیگ پی ٹی آئی سے انتقام لے رہی ہے اور نہیں چاہوں گا کہ کسی کو بھی ایسے ظلم سے گزرنا پڑے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی سیاست میں طاہر القادری جیسے لوگوں کی ضرورت ہے، چوہدری سرور کی اپنی سوچ ہے لیکن ملک کی خاطر مل کر سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن اور ہماری سوچ میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے، 2024 میں 90 کی دہائی کی سیاست کو آگے نہیں چلائیں گے، پی ٹی آئی کے کارکن میرا ساتھ دیں انتقام کی سیاست دفن کر دوں گا۔