اسلام آباد: حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ادا کر دی گئی۔
اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، اتحادی جماعتوں کے قائدین،اپوزیشن رہنما بھی شریک ہوئے، اس موقع پر اسماعیل ہانیہ کی مغفرت کی دعا کی گئی۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ملک بھر میں آج سوگ منایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی میں حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسمبلی اجلاس کے دوران اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے معاملے پر قرارداد پیش کی، قرارداد میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے۔
قرارداد کے مطابق یہ ایوان فلسطینی بھائیوں کی حمایت کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے، ساتھ ہی یہ ایوان غزہ میں فی الفور سیز فائر کا مطالبہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق فلسطینی وزیراعظم اور حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی نمازِ جنازہ ایران کے دارالحکومت تہران میں ادا کی گئی تھی۔
31 جولائی کو فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا جبکہ ایران نے بھی اسرائیل کو سنگین نتائج سے خبردار کر دیا۔