سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامی امور کی ذمہ دار جنرل اتھارٹی نے عمرہ زائرین اور نمازیوں پر زور دیا ہے کہ بارش کے دوران جاری کردہ سیفٹی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان احتیاطی تدابیر میں محفوظ جگہوں پر قیام، چھتری کے استعمال، موسمی انتباہات کی نگرانی، حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہونے اور آسمانی بجلی کے دوران موبائل فون بند رکھنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ کسی بھی قسم کی معلومات یا رپورٹ کے لیے زائرین 1966 ہیلپ لائن پر کال کرکے رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ، مختلف سرکاری اداروں کے تعاون سے بارش کے دوران مسجد الحرام میں ہنگامی اسکیموں کو نافذ کرتی ہے تاکہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔
جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ان گائیڈ لائنز کا بنیادی مقصد زائرین کی جان و مال کا تحفظ اور محفوظ عبادت کا ماحول فراہم کرنا ہے۔
ادھر خلیجی ممالک کے رہائشی افراد کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت اگر وہ سعودی عرب سے گزرتے ہوئے بین الاقوامی سفر پر روانہ ہو رہے ہوں تو وہ مفت اسٹاپ اوور ویزا حاصل کر کے اپنے مختصر قیام کے دوران عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔
یہ سہولت صرف سعودیہ ایئرلائنز یا فلائناس کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہے، اور اسے مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں عمرہ یا زیارت جیسے مذہبی امور کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس خصوصی ویزا کے ذریعے مسافر سعودی عرب میں 96 گھنٹے (یعنی 4 دن) قیام کر سکتے ہیں۔ اگرچہ ویزا مفت ہے، تاہم صرف پروسیسنگ اور لازمی میڈیکل انشورنس کے لیے معمولی فیس لی جاتی ہے۔