وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح 1.73 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے کے دوران 12 ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ، 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، جبکہ 27 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پیاز کی قیمت میں 16.53 فیصد، ٹماٹر میں 10.17 فیصد اور مرغی میں 4.12 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح انڈے، دال مسور، چائے، تازہ دودھ، ڈیزل، سگریٹ اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب، کیلا، دال مونگ، ماش، آلو اور چینی سمیت کئی اشیاء کے نرخ کم ہوئے۔ لہسن، چاول، گندم کا آٹا، ایل پی جی اور پٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چینی کی قیمت میں ملک بھر میں معمولی کمی ہوئی، اوسط قیمت 179.33 روپے فی کلو سے کم ہو کر 178.67 روپے فی کلو رہی، یعنی 66 پیسے فی کلو کی کمی۔
شہری سطح پر جائزہ لیا جائے تو پشاور میں چینی سب سے زیادہ مہنگی 190 روپے فی کلو تک فروخت ہوئی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 185 روپے، کوئٹہ میں 182 روپے، جبکہ بنوں اور فیصل آباد میں 180 روپے فی کلو رہی۔
اسی طرح حیدرآباد اور ملتان میں چینی کی قیمت 180 روپے، سکھر میں 175 روپے، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں 173 روپے فی کلو تک فروخت ہوئی۔