ایک منفرد اور طویل مدتی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ ایک کپ کافی پینے سے دل کی بے ترتیب دھڑکن میں نمایاں بہتری آتی ہے اور اس سے ہائی بلڈ پریشر میں بھی کمی واقع ہو سکتی ہے۔
طبی ویب سائٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی نئی تحقیق دل کی خطرناک بے ترتیبی ایٹریل فبریلیشن کے حوالے سے دیرینہ تصور کو چیلنج کرتی ہے، کیونکہ عام طور پر ایسے مریضوں کو ڈاکٹر کیفین سے مکمل پرہیز کی ہدایت کرتے ہیں۔
امریکی ماہرین کے مطابق روزانہ ایک کپ کیفین والی کافی پینا نہ صرف محفوظ ہے بلکہ دل کی بے ترتیب دھڑکن کی واپسی کا خطرہ تقریباً انتالیس فیصد تک کم کر سکتا ہے، جس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ مناسب مقدار میں کافی دل کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی پہلی طویل مدتی رینڈمائزڈ کلینیکل تحقیق ہے جس میں کیفین والی کافی کے اثرات کو سائنسی بنیادوں پر پرکھا گیا۔ اس تحقیق میں دو سو افراد کو شامل کیا گیا، جو پہلے ہی دل کی بے ترتیبی کے مسائل کا شکار تھے اور باقاعدگی سے کافی بھی پیتے تھے۔
ماہرین نے تحقیق میں شریک نصف رضاکاروں کو روزانہ کم از کم ایک کپ کیفین والی کافی پینے کی ہدایت کی، جبکہ دوسرے گروپ کو مکمل طور پر کیفین سے دور رہنے کا کہا گیا۔ دونوں گروپس کو چھ ماہ تک مسلسل زیرِ نگرانی رکھا گیا اور پھر نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
نتائج کے مطابق روزانہ کافی پینے والے افراد میں دل کی بے ترتیبی کا مسئلہ انتالیس فیصد بہتر ہو چکا تھا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مناسب مقدار میں کیفین دل کی فعالیت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ کافی کا ایک کپ پینے سے ہائی بلڈ پریشر میں کمی آ سکتی ہے اور کافی پینے کے بعد جسم میں پیدا ہونے والی سرگرمی بھی دل کی دھڑکن کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔