اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) عمران خان مذاکرات نہیں، افراتفری چاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ سیاسی کشیدگی کم کرنے اور جمہوری تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بات چیت کا دروازہ کھلا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو ماضی میں چار مرتبہ مذاکرات کی پیشکش کی جا چکی ہے، تاہم ہر بار مثبت ردِعمل کے بجائے خاموشی یا انکار کا سامنا کرنا پڑا۔
رانا ثنااللہ نے ایک بار پھر سیاسی اختلافات کے حل کے لیے بات چیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوری عمل ڈیڈلاک یا تصادم سے نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے ہی آگے بڑھتا ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مسائل پر مل بیٹھیں اور سنجیدہ گفتگو کا راستہ اختیار کریں۔
مشیرِ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت عملی سیاست کے بجائے محاذ آرائی کی پالیسی پر گامزن ہیں اور مذاکرات ان کے سیاسی لائحہ عمل کا حصہ نہیں رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں فیصلہ سازی کا اختیار صرف ایک شخصیت کے پاس محدود ہو چکا ہے، جبکہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے پاس کوئی موثر اختیار موجود نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں بانی پی ٹی آئی مذاکرات نہیں بلکہ افراتفری اور عدم استحکام چاہتے ہیں، اسی طرزِ عمل کے باعث حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بامعنی مذاکرات ممکن نہیں ہو پا رہے۔