بھارت میں نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پاکستان میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
حکام کے مطابق پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اسکریننگ کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ ہر آنے والے اور ٹرانزٹ مسافر کی 100 فیصد اسکریننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ وائرس کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے۔
اس کے علاوہ تمام مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی مکمل سفری ہسٹری کی تصدیق کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے، تاکہ نیپاہ وائرس سے متاثرہ علاقوں سے آنے والوں کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔
حکام نے نیپاہ سے متاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے والے مسافروں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ ہر مسافر کے لیے لازمی ہوگا، جبکہ تمام ضروری کلیئرنس مکمل ہونے تک کسی بھی فرد کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں اب تک کم از کم پانچ نیپاہ وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے بعد خطے میں تشویش میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔