پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے 11 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 12 رنز سے ہرا دیا۔ کپتان محمد سمیع نے شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو جیت دلوائی.
159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 146 رنز بنا سکی۔
پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا لیکن کامران اکمل ایک بار پھر جلد آؤٹ ہو گئے۔
ڈیوڈ ملان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ امام الحق نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر امین 14 اور لیام ڈاؤسن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کیرون پولارڈ نے 22 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے جارحانہ 51 رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی 11 رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد کی جانب سے کپتان محمد سمیع نے آخری اوور میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
محمد موسیٰ نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 25 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے دو جب کہ شاداب خان اور سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اوپنر ٹیم کو لمبی پارٹنر شپ دینے میں ناکام رہے۔
اسلام الیون کے 4 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے تاہم این بیل اور ڈیل پورٹ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
این بیل 54، ڈیلپورٹ 29 اور لیوک رونکی 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ثمین گل نے 3، حسن علی 2، عمید آصف، وہاب ریاض اور پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مین آف دی میچ محمد سمیع کو دیا گیا.