پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گلوبل ٹی 20 لیگ کینیڈا میں شرکت کے پاکستان کے کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے این او سی روک لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کینیڈا کی لیگ کسی سیریز سے متصادم نہ ہونے کے باوجود تینوں کھلاڑیوں کو این او سی ملنے کا امکان نہیں ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آل فارمیٹ پلیئرز کے لیے پی سی بی کی پالیسی کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کو این او سی نہیں دیا جائے گا، پی سی بی آل فارمیٹ پلیئرز کو مصروف انٹرنیشنل شیڈول کی وجہ سے این او سی دینے کے حق میں نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے حال ہی میں نسیم شاہ کو بھی آل فارمیٹ پلیئر کی وجہ سے دی ہنڈریڈ کے لیے این او سی نہیں ملا۔
ذرائع کے مطابق گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا کو آئی سی سی کی جانب سے تاحال منظوری بھی نہیں ملی، کئی معاملات کی وجہ سے آئی سی سی نے لیگ کی منظوری روکی ہوئی ہے، لیگ کی منظوری کے بعد کھلاڑیوں کے این او سی کا باقاعدہ فیصلہ ہو گا۔
خیال رہے کہ گلوبل ٹی 20 لیگ کینیڈا میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے معاہدے کر رکھے ہیں، محمد عامر، محمد نواز، آصف علی اور افتخار احمد کے مختلف ٹیموں کے ساتھ معاہدے ہیں۔