وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شجرکاری کے منصوبے کامیاب ہوگئے تو پاکستان کا موسم بدل جائے گا اور یہ دنیا کےلئے مثال بنے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، پاکستان کو وہ ملک بناسکتے ہیں جودنیا کے لیے مثال بنے، پانچ سال میں ہم نے کے پی میں ایک ارب درخت لگائے، عالمی تنظیم نے ہماری کوشش کا اعتراف کیا، عالمی تنظیم نے تسلیم کیا کہ کے پی میں درخت 6.5 فیصد تک بڑھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ہم نے کم پیسوں میں درخت لگانے کا ہدف پورا کیا، ہم نے طاقت ورٹمبر مافیا کا مقابلہ کیا اور ان کو شکست دی، ہم نے اب درخت لگانے پر پورے پاکستان میں کامیاب ہونا ہے۔ عمران خان نے کہا ہمیں درخت لگانے میں نوجوانوں کاتعاون چاہیے، اگر ایک ڈگری سینٹی گریڈ بھی گرمی بڑھی تو نوجوانوں کا مستقبل مشکل ہوجائےگا، درجہ حرارت بڑھنے سےگلیشیئر تیزی سے پگھلنے لگیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک اچھا پاکستان دینا ہے توسب کومہم میں شرکت کرنی ہوگی، ہر پاکستانی کم ازکم دو پودے ضرور لگائے، عہد کریں کہ 18اگست تک بڑے بچے سب نے دو پودے لگانے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا ہم نے پودے لگانے کا ہدف حاصل کرلیا تو ماحول میں واضح تبدیلی آئےگی، پاکستان کاموسم بدل جائےگا اوریہ پاکستان دنیا کےلئے مثال بنے گا درخت لگانے سے موسم ٹھنڈا رہتا ہے اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مدد ملتی ہے۔