سنگل ڈوز چینی ویکسین کونوی ڈیشیا کی 60 ہزار خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق سنگل ڈوز چینی ویکسین صرف 80سال سے زائد العمر افراد کو لگائی جائے گی اور اس ویکسین کو لگانے کیلئے علیحدہ ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 80 سال سے زائد العمر افراد کی ویکسینیشن کا ریکارڈ بھی علیحدہ رکھا جائے گا جبکہ جن سینٹرز پر یہ ویکسین لگائی جائے گی، وہاں پر کوئی دوسری ویکسین نہیں رکھی یا لگائی جائے گی۔
حکام کے مطابق صوبوں اور دیگر وفاقی اکائیوں کو سنگل ڈوز ویکسین کی فراہمی کل سے شروع ہوگی۔
دوسری جانب صوبائی محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ کو سنگل ڈوز کونوی ڈیشیا ویکسین کی 8 سے 10 ہزار ڈوزز ملنے کا امکان ہے۔
اُدھر ایک نجی فارما کمپنی کی جانب سے بھی 10 ہزار ڈوزز پر مشتمل سنگل ڈوز چینی ویکسین کی پہلی کھیپ چند روز میں کراچی پہنچنے کا امکان ہے، جہاں سے اس ویکسین کو کراچی لاہور اور اسلام آباد کے پرائیویٹ اسپتالوں کو سپلائی کیا جائے گا۔ اسپتالوں میں یہ ویکسین 4 ہزار 225 روپے میں عوام کو دستیاب ہوگی۔