ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سپر 12 کے میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سمیت سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
سری لنکا کے بیٹرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔ پہلے پاتھم نسانکا اور پھر اس کے بعد چرتھ اسالانکا نے ویسٹ انڈین بولرز کی درگت بنائی، دونوں نے بالترتیب 51 اور 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
علاوہ ازیں وکٹ کیپر کوشل پریرا نے 29 اور کپتان دسن شناکا نے 25 رنز کا حصہ ڈال کر ٹیم کو 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل نے 2 جبکہ ڈیوین براوو نے ایک وکٹ لی جبکہ دوسرا کوئی بولر خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے بڑے ناموں کی وکٹیں خزاں رساں پتوں کی مانند گرتی رہیں۔
گرس گیل، آندرے رسل، کیرون پولارڈ، جیسن ہولڈر اور ڈیوین براوو کو سری لنکا کی نوجوان بولنگ لائن نے آؤٹ کلاس کردیا اور یہ بلے باز دہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچ سکے۔
نوجوان بلے باز شیمرون ہٹمیئر نصف سنچری جبکہ نکولس پوران 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔