اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان ٹانگ میں ہی نہیں دماغ میں بھی مسئلہ ہے۔ عمران خان کو لانے والے جنرل باجوہ نے بھی مان لیا کہ اگر عمران خان کی حکومت مزید رہتی تو پاکستان نہ رہتا ۔ عمران خان حقائق سے ہٹ کر باتیں کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال خراب ضرور ہے لیکن نہ ہم دیوالیہ ہوئے اور نہ ہوں گے۔ عمران خان جو کہتے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے لیکن معیشت کا بیڑہ غرق عمران خان نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپریل میں پی ڈی ایم کی طرف سے حکومت لینے کا فیصلہ بہترین تھا اگر ہم حکومت میں نہ آتے تو عمران خان نے ملک کو تباہ کردینا تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت ملتے ہی سیلاب آیا اور اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔ فی کس آمدنی میں ہم نے ماضی میں 27 فیصد اضافہ کیا۔ معلوم نہیں عمران خان کی ٹانگ خراب ہے یا دماغ۔ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہمیں گندم باہرسے منگوانا پڑی۔ پی ٹی آئی حکومت نے مالی خسارہ7.9پر چھوڑاتھا۔