پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیراعلیٰ و سابق صوبائی صدر پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کردی اور انہیں پارٹی سے فارغ کردیا۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آپ کو 21 جون کو شوکاز دیا گیا، آپ نے مقررہ مدت کے دوران اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔
عمرایوب کا نوٹس میں مزید کہنا ہے کہ آپ سے پارٹی ممبران سے رابطہ اور پارٹی چھوڑنے کےلیے اکسانے پرپوچھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہی پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے پارٹی کو ارکان کو جماعت سے علیحدگی کی ترغیب دلوانے پر شوکاز جاری کیا تھا اور جواب مانگا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھاکہ کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات کو دیکھ رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں، ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔