مقبوضہ کشمیر کے دورے کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پہاڑوں کی جانب سے ہاتھ لہراتے رہے اور ان کی ویڈیو کلپ منظر عام پر آنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بنا دیا گیا ہے۔
نریندر مودی نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا تو اس موقع پر وادی بھر میں احتجاج و ہڑتال کی گئی، سڑکوں پر سناٹا رہا اور کشمیری عوام نے ان کے دورے پر یوم سیاہ منایا۔
بھارتی وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اور جب وہ ‘دل جھیل’ کی سیر کو پہنچے اور کشتی میں سوار ہوئے تو انہوں نے یہ دکھانے کے لیے کہ لوگ ان کا استقبال کر رہے ہیں، پہاڑوں کی جانب دیکھ کر ہاتھ لہراتے رہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نے جب ان کی یہ ویڈیو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپ لوڈ کی تو اس پر کشمیر کے سیاسی رہنماؤں سمیت سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانے بنانے کے ساتھ مختلف جملے کسے۔
مقبوضہ جموں کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نریندر مودی کا ہاتھ ہلانا کشمیر میں نہ دکھائی دینے والے ان گنت بی جے پی کے دوستوں کے لیے ہے۔