واٹس ایپ کے بعد فیس بک میسنجر پر بھی پیغامات ڈیلیٹ کرنے کا فیچر متعارف

واٹس ایپ پر اگر غلطی سے کسی کو کوئی پیغام بھیج دیا جائے یا پھر پیغام بھیجتے ہوئے لکھنے میں غلطی ہوجائے تو اسے ڈیلیٹ کرنے کے لیے ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ فیچر کی سہولت مہیا کی گئی ہے، بالکل اسی طرح فیس بک میسنجر میں بھی ’اَن سینڈ‘ فیچر متعارف کروا دیا گیا ہے، جس سے غلطی سے بھیجے گئے پیغامات کو ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ میش ایبل کی رپورٹ کے مطابق فیس بک نے نیا ’اَن سینڈ‘ فیچر متعارف کروایا ہے، جس سے صارفین کو آسانی ہوگی کہ وہ غلطی سے بھیجے گئے پیغامات کو ڈیلیٹ کرسکیں۔

اس نئی اَپ ڈیٹ کے بعد جب صارف غلطی سے کوئی پیغام بھیج دے گا یا پیغام بھیجتے ہوئے کوئی غلطی کردے گا تو اُس پیغام پر کلک کرنے پر ’Remove for everyone‘ کا آپشن نمایاں ہوگا اور پھر remove یعنی ڈیلیٹ کرنے کا پوچھا جائے گا اور جب صارف ریموو پر کلک کرے گا تو پیغام ڈیلیٹ ہو جائے گا۔

فیس بک کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ فونز میں میسنجر ایپ کے نئے ورژن میں فراہم کیا گیا ہے۔

تاہم غلط پیغام کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے صرف 10 منٹ کا وقت دیا گیا ہے اور 10 منٹ کے بعد صارف اپنا پیغام ڈیلیٹ نہیں کرسکے گا۔

تاہم ممکن ہے کہ فیس بک کا اَن سینڈ فیچر انسٹاگرام کی طرح ہوگا یعنی پیغام مٹانے کے بعد ڈیلیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن ظاہر نہیں ہوگا۔