اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی نظرثانی کی درخواست کو نظر انداز کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے لیے 2023ء سے 2030ء تک کے ملٹی ایئر ٹیرف کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی، ترسیل اور تقسیم کے لیے علیحدہ علیحدہ نرخ مقرر کیے گئے ہیں۔ نئے نرخوں کے تحت بجلی کی اوسط سپلائی قیمت 39 روپے 97 پیسے فی یونٹ طے کی گئی ہے، جبکہ ڈسٹری بیوشن ٹیرف 3 روپے 31 پیسے اور ٹرانسمیشن ٹیرف 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے نیپرا کے اس ملٹی ایئر ٹیرف فیصلے پر نظرثانی کے لیے باقاعدہ اپیل دائر کی تھی، جس میں پاور ڈویژن کی جانب سے کے الیکٹرک کو دی جانے والی بعض خصوصی رعایتوں پر سخت اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔ تاہم ان اعتراضات کے باوجود نیپرا نے وفاقی اپیل پر فیصلہ سنانے سے پہلے ہی نیا ٹیرف نوٹیفائی کر دیا، جس سے مرکز اور ریگولیٹری ادارے کے درمیان اختلافات مزید گہرے ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔