امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں پہلے سے کہیں زیادہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر ’ٹرمپ اِز ڈیڈ‘ کے ہیش ٹیگ کے ٹرینڈ کرنے کے بعد ان کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں، جس پر صدر ٹرمپ کو خود وضاحت دینا پڑی۔
سوشل میڈیا پر یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب سیاسی تجزیہ کار ڈی سی ڈرینو نے ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ امریکی میڈیا ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر جو بائیڈن کے معاملے میں دوہرے معیار اپناتا ہے۔ ڈرینو کے مطابق جو بائیڈن کئی دنوں تک منظر عام پر نہیں آتے لیکن میڈیا پھر بھی انہیں “تیز” اور “فعال” قرار دیتا رہا، جبکہ ٹرمپ اگر تھوڑے وقت کے لیے پس منظر میں چلے جائیں تو میڈیا شور مچانے لگتا ہے۔
اس بیان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے اپنی زندگی میں کبھی اتنا بہتر محسوس نہیں کیا۔” انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ واشنگٹن ڈی سی اب “جرم سے پاک علاقہ” بن چکا ہے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ کی صحت کے بارے میں عوامی سطح پر مختلف خدشات پائے جاتے ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں ان کے ہاتھ پر نمایاں نیلا نشان دیکھے جانے کے بعد ان خدشات میں اضافہ ہوا۔ بعد ازاں ان کی ہتھیلی پر بھی کچھ نشانات ظاہر ہوئے، جنہیں امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکثر اوقات میک اپ کے ذریعے چھپانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے