بھارت کے مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین اور بگ باس سیزن 17 کے فاتح منور فاروقی نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کے انتہائی کربناک پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ نے شادی کے 22 برس تک مسلسل ظلم و ستم سہنے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔
منور فاروقی نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ صرف 13 برس کے تھے۔ ان کے مطابق والد نے والدہ کے ساتھ زندگی بھر سخت رویہ اختیار کیا اور انہیں مسلسل اذیت پہنچائی، جس کے نتیجے میں وہ اس اذیت کو مزید برداشت نہ کرسکیں اور زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کامیڈین نے کہا کہ اس واقعے کے دو برس بعد ہی والد فالج کا شکار ہوگئے اور اگلے گیارہ برس تک بستر تک محدود رہے۔ ابتدا میں وہ اپنے والد کو زندگی کا ولن سمجھتے تھے اور ان سے شدید نفرت کرتے تھے، لیکن وقت کے ساتھ حالات نے انہیں معاف کرنا سکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ باوجود اس کے کہ وہ ان کی زندگی کے ولن تھے، وہ ان کے والد تھے اور وہ ان سے نفرت نہیں کرسکتے تھے کیونکہ ان کے پاس وہی واحد سہارا تھے۔
منور فاروقی نے مزید کہا کہ والد نے جو غلطیاں کیں، ان کا خمیازہ بھی خود بھگتا اور بیماری کے سبب وہ شدید تکلیف میں مبتلا رہے۔ یہی وہ حالات تھے جنہوں نے انہیں معاف کرنے والا انسان بنا دیا اور انہوں نے سیکھا کہ برے لمحوں کو جانے دینا چاہیے تاکہ زندگی میں مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس تلخ تجربے نے انہیں یہ سبق دیا کہ کسی سے بھی نفرت نہ کریں اور دوسروں کی برائی کو اپنے دل میں نہ رکھیں، کیونکہ اسی سوچ نے انہیں زندگی میں مضبوط بنایا۔
یاد رہے کہ 33 سالہ منور فاروقی نے گزشتہ برس میک اپ آرٹسٹ ماہ جبین کوٹ والا سے اپنی دوسری شادی کی تھی۔