کراچی میں آج موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق شہر میں نمی کی شرح بلند رہنے کے باعث درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، تاہم گرمی کی شدت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے جس سے شہریوں کو شدید حبس کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ پوسٹ مون سون کے باعث ہوا کے کم دباؤ نے سمندری ہواؤں کا رخ روک دیا ہے۔ اس وقت بھارتی ریاست گجرات کے قریب واضح کم دباؤ موجود ہے، جو بتدریج شدت اختیار کرکے ڈیپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس سسٹم کے زیرِ اثر کراچی میں سمندری ہوائیں رکی ہوئی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ سسٹم بحیرہ عرب کی سمت بھی بڑھ سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں آج گرج چمک کے بادل بننے کے امکانات موجود ہیں۔ جبکہ 30 ستمبر کو کراچی کے مختلف مقامات پر ہلکی یا درمیانی بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ وقت دھوپ میں گزارنے سے گریز کریں اور موسم کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔