بلوچستان حکومت نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کے باعث موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ میں موبائل ڈیٹا سروس 24 گھنٹوں کے لیے بند رہے گی، اور یہ پابندی آج رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، اس اقدام کا مقصد امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔ تاہم، سروس کی معطلی کے باعث طلبہ، کاروباری طبقے اور آن لائن سروسز فراہم کرنے والے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ صوبے میں اس نوعیت کی بندش کی گئی ہو۔ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس سیکیورٹی وجوہات کے باعث کئی روز تک معطل رہی تھی۔ بعد ازاں، بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر صوبائی حکومت نے 16 روز بعد انٹرنیٹ سروس بحال کی تھی۔