اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت میں سردیوں کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عدالت 22 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے تعطیلات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ حال ہی میں قائم کی جانے والی وفاقی آئینی عدالت نے اپنے سرمائی وقفے کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی کارروائیاں 5 جنوری 2026 سے دوبارہ شروع ہوں گی۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران عدالت کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ اہم نوعیت کے مقدمات اور پہلے سے طے شدہ سماعتیں جاری رہیں گی تاکہ ضروری قانونی کارروائی میں تعطل پیدا نہ ہو۔
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت کو 27ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے عدالتی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور آئینی نوعیت کے تنازعات کو مؤثر انداز میں حل کرنا ہے۔
عدالت کا بنیادی فریضہ آئین کی تشریح کرنا اور وہ معاملات حل کرنا ہے جن کا تعلق آئینی نوعیت کے قانونی تنازعات سے ہو۔ عدالت کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں، جبکہ جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس کریم خان آغا، جسٹس روزی خان بریچ اور جسٹس ارشد حسین شاہ بطور جج فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
وفاقی آئینی عدالت کی سرکاری ویب سائٹ پر چیف جسٹس امین الدین خان کا بیان بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عدالت کا قیام پاکستان کے آئینی سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت کا مینڈیٹ آئین کی تشریح آزادی اور دیانتداری کے ساتھ کرنا، بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور ریاستی اداروں کے لیے آئینی نظام کو استحکام، انصاف اور توازن کا ذریعہ بنانا ہے۔