فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ملک کی سمت کے حوالے سے اپنے پُرجوش خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اور یہاں سے اب ملک کی ترقی کا سفر مزید تیزی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات بہتری کی سمت گامزن ہیں اور یہ تبدیلی سب کے سامنے واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ “سب ٹھیک ہے، سب آپ کے سامنے ہے، چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں، اور پاکستان یہاں سے اب اونچی اُڑان کی طرف جائے گا۔” فیلڈ مارشل کے ان الفاظ کو ملک کے مستقبل کے حوالے سے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری منظور کرنے کے بعد ایوان صدر بھجوا دی ہے۔ وزیراعظم کی سمری کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر دونوں عہدوں پر بیک وقت خدمات سرانجام دیں گے، اور یہ تقرری پانچ سال کی مدت کے لیے ہوگی۔ اس فیصلے کے تحت وہ ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز بھی بن گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے چیف آف ایئر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، جو ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد مارچ 2026 سے نافذ ہوگی۔