پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تین اہم منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر چھ کروڑ اٹھارہ لاکھ ڈالر کی فنانسنگ کے معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق بینک سڑکوں اور پانی سے متعلق منصوبوں کے لیے یہ سرمایہ فراہم کرے گا، جس سے متعلقہ شعبوں میں بہتری اور انفراسٹرکچر کی ترقی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ایم ایل ون کراچی تا روہڑی سیکشن کے لیے ریڈی نیس فنانسنگ پر باقاعدہ دستخط ہوئے ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے اور بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر منصوبے کے لیے بھی اضافی فنانسنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ جاری منصوبوں کو بہتر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک تینوں منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر چھ کروڑ اٹھارہ لاکھ ڈالر فراہم کرے گا جن میں ایم ایل ون کراچی تا روہڑی منصوبے کے لیے ایک کروڑ ڈالر، کوئٹہ بی آر ٹی کے لیے اڑتیس لاکھ ڈالر اور بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے چار کروڑ اسی لاکھ ڈالر شامل ہیں۔