بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے ایک بار پھر آنجہانی اداکار دھرمیندر کے لیے اپنی گہری محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی زندگی کی ایک باپ جیسی شخصیت قرار دیا ہے۔
حال ہی میں دھرمیندر کا ذکر کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک ایسی شخصیت کھو دی ہے جو ان کے لیے باپ کا درجہ رکھتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرم جی نے نہ صرف ان کی شخصیت بلکہ ان کے پیشہ ورانہ سفر پر بھی گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔
سلمان خان نے اپنی کامیابی کا سہرا بھی دھرمیندر کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں جو کچھ بھی حاصل کیا، وہ سب دھرم جی کو دیکھ کر سیکھا اور اپنایا۔ ان کے مطابق دھرمیندر ان کے لیے ایک عملی مثال تھے جنہوں نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
اداکار نے مزید کہا کہ ان کی زندگی میں دو شخصیات ایسی ہیں جنہیں وہ ہمیشہ فالو کرتے رہے ہیں، ایک ان کے والد اور دوسرے دھرمیندر۔ سلمان خان کے مطابق وہ دونوں ہی ان کے لیے متاثر کن شخصیات رہیں، جبکہ دھرمیندر ایک شفیق، ہمدرد اور گہرے جذبات رکھنے والے انسان تھے۔