چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ قومی سلامتی کو لاحق ہر قسم کے خطرات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کا بنیادی اور اولین مشن ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی جانب سے مجموعی آپریشنل تیاریوں، سکیورٹی صورتحال اور پیشہ ورانہ استعداد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فارمیشن کے زیر اہتمام جاری تربیتی مشقوں کا بھی مشاہدہ کیا اور مستقبل کی جنگی ضروریات کے تناظر میں جدید حکمت عملی اور جدت اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جوانوں کو فراہم کی جانے والی کھیلوں اور تفریحی سہولتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سہولتیں جوانوں کے مورال اور جسمانی فٹنس میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم ہائی کیئر سینٹر کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے طبی عملے اور انتظامیہ کی پیشہ ورانہ خدمات اور مریضوں کی نگہداشت کے معیار کی تعریف کی۔
لاہور گیریژن میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہر قسم کے داخلی و خارجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہا کہ پاک فوج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور جوانوں کی جسمانی فٹنس، پیشہ ورانہ مہارت اور بلند مورال ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواج نظم و ضبط، اعلیٰ معیار اور بے لوث قومی خدمت کی روایات کو مزید مضبوط کریں گی۔