آئندہ چند روز کے دوران شہرِ قائد میں سردی کی شدت میں واضح اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو سرد موسم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ سندھ کے مختلف علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں آج کراچی میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعہ سے اتوار کے دوران کراچی میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، اس دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب اس موسمی نظام کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں جامشورو، دادو، ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، سجاول، حیدرآباد اور ٹنڈو محمد خان شامل ہیں، جہاں بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنڈو اللہ یار، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، نوشہرو فیروز اور شہید بینظیرآباد میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ خیرپور، سکھر، گھوٹکی، جیکب آباد، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ اور شکارپور کے اضلاع میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں۔