کراچی میں سردی سے متعلق محکمہ موسمیات نے نئی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ شہر میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے، جبکہ کوئٹہ کی سرد ہوائیں اس وقت 20 سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ روز ان ہواؤں کی رفتار بڑھ کر 30 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرد اور تیز ہواؤں کے باعث شہریوں کو درجہ حرارت سے کم احساس ہوگا، جبکہ رواں ماہ کے اختتام تک کراچی میں موسم مجموعی طور پر سرد رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران رات کے وقت درجہ حرارت 9 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور دن کے اوقات میں 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 27 یا 28 جنوری کو مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، تاہم اس دوران سندھ میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور کراچی سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔