سندھ کے مشہور تفریحی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر موسمِ سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث علاقے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
ضلع دادو میں کیرتھر کے پہاڑی سلسلے کے دامن میں سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی پر واقع گورکھ ہل اسٹیشن پر برفباری کے بعد موسم خوشگوار اور مناظر انتہائی دلکش ہو گئے ہیں، جس سے سیاحوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کے بعد گورکھ ہل اسٹیشن پر درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس کے نتیجے میں شدید سردی محسوس کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گورکھ ہل اسٹیشن وادیٔ مہران کا واحد بلند ترین، سرد ترین اور پرفضا تفریحی مقام ہے، جہاں موسمِ سرما میں کئی برسوں بعد برفباری دیکھنے میں آتی ہے اور یہ مقام قدرتی حسن کے باعث خاص اہمیت رکھتا ہے۔