امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت کرنے پرشکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات بورڈ آف پیس کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
امریکی وزیر خارجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس میں بطور بانی رکن شرکت کو سراہا۔
مارکو روبیو نے 31 جنوری کو بلوچستان اور 6 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے حملوں پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون، امریکی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں حالیہ اہم معدنیات کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم بھی کیا۔