چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ان کا طبی معائنہ ذاتی معالجین کی موجودگی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے عمران خان کی آنکھ کے معائنے کے لیے پمز اسپتال منتقلی پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا اور پمز اسپتال میں معائنہ مکمل ہونے کے بعد انہیں اس حوالے سے اطلاع موصول ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ عمران خان کی آنکھ کا فالو اپ پروسیجر کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کا مؤقف وہی ہے جو بانی پی ٹی آئی کی فیملی کا ہے۔ ان کے مطابق پارٹی اور اہل خانہ کی جانب سے یہ مطالبہ مسلسل دہرایا جا رہا ہے کہ عمران خان کے علاج معالجے کے حوالے سے مکمل شفافیت اختیار کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ انہیں وہاں مکمل اور جامع طبی سہولت میسر آ سکے۔ دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ ان کا طبی معائنہ ان کے ذاتی معالجین کی موجودگی میں کیا جائے، تاکہ تمام طبی امور پر اعتماد اور اطمینان کی فضا قائم ہو سکے۔