کوہاٹ کے علاقے کے ڈی اے ڈبل روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی لیڈی ڈاکٹر مہوش کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں قتل کی ممکنہ وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کی شناخت کر لی ہے۔
ڈی پی او کوہاٹ شہباز الہٰی کے مطابق ملزمان کی شناخت کے بعد مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
شہباز الہٰی کا کہنا تھا کہ مقتولہ ڈاکٹر مہوش کے اہل خانہ کو ہر ممکن انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال کے مطابق ڈاکٹر مہوش کا مبینہ طور پر ایک بیمار خاتون کے شوہر سے جھگڑا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر مہوش نے جھگڑا کرنے والے شخص کو اسپتال میں تعینات پولیس اہلکاروں کے حوالے کر دیا تھا، جس کے بعد معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر مہوش کو دو روز قبل اسپتال سے ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد رکشے میں گھر جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جس سے طبی برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
ڈاکٹر مہوش کے قتل کے بعد ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔