آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ بھارتی بیٹرز سنجو سیمسن، ایشان کشن اور ابھیشک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی۔
سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایشان کشن نے 24 گیندوں پر 54 اور ابھیشک شرما نے 21 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ شیوام دوبے نے بھی 8 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو مزید مستحکم کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری اور رچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ نے 52 اور کپتان مچل سینٹنر نے 43 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی تاہم ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4 جبکہ اکشر پٹیل نے 3 وکٹیں حاصل کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل بھارت 2007 اور 2024 میں بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت چکا ہے اور اب تین ٹائٹلز کے ساتھ سب سے زیادہ مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم بن گیا ہے۔