سکیورٹی فورسز نے افغان دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تمام ڈرونز کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف ڈرون حملوں کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ان ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا اور انہیں کسی بڑے نقصان کا باعث بننے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تباہ شدہ ڈرون کے ملبے کے باعث کوئٹہ میں دو بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں بھی ایک ایک شخص زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس حملے کو عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی افغان طالبان کی ناپاک کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج افغانستان پر قابض کرائے کی دہشتگرد ملیشیا کی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔
بیان کے مطابق افغان سرزمین سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن غضب للحق جاری رہے گا اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی ہر شکل کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے اور افواج پاکستان دہشتگردی اور اس کی تمام صورتوں کے خلاف ثابت قدمی سے لڑتی رہیں گی۔