پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ سندھ حکومت اور میئر کراچی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور جلد کراچی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی و صوبائی صورتحال اور حکومتی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی کابینہ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت اور میئر کراچی کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مسائل پیدا کرنے والی نہیں بلکہ مسائل حل کرنے والی جماعت ہے۔
انہوں نے گل پلازہ سانحے کے حوالے سے کہا کہ اس واقعے سے نمٹنے والے افراد پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے اور ایسے حالات میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بعض حلقوں کے لیے اس لیے ناقابل قبول ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ سندھ کے دارالحکومت میں پیپلز پارٹی کا میئر کام کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ میئر مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن پر ہونے والے پروپیگنڈے کا جواب کارکردگی کے ذریعے دیا جائے گا اور کراچی میں جلد ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔