وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو سفر کے لیے ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس اعلان کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، گرین الیکٹرک بس اور اسپیڈو بس کے مسافروں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے عوام کو فوری ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کاشتکاروں کے لیے بھی اہم اعلان کرتے ہوئے فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ زرعی شعبے پر بڑھتے ہوئے اخراجات کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور شہریوں کو چاہیے کہ غیر معمولی حالات میں ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں تاکہ وسائل کی بچت ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے باعث دنیا عالمی معاشی بحران کا سامنا کر رہی ہے، تاہم حالات بہتر ہونے کے ساتھ عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔