حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کی ادائیگی کا فیصلہ اس وقت کیا جب متبادل ذرائع سے مطلوبہ رقم کا بندوبست مکمل کر لیا گیا، جس سے ادائیگیوں کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر 4.8 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کرنا ہیں، اور حکومت نے ان تمام ادائیگیوں کے لیے مالی وسائل کا انتظام کر لیا ہے تاکہ کسی قسم کے دباؤ سے بچا جا سکے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو دو دوست ممالک کی جانب سے 5 ارب ڈالر سے زائد مالی معاونت کی یقین دہانی بھی حاصل ہو چکی ہے، جو مالی استحکام کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو مجموعی طور پر متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگیاں مختلف ذرائع کے تحت کرنا ہیں، جن میں یورو بانڈ بھی شامل ہے۔ دس سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد یورو بانڈ اب میچور ہو چکا ہے، اور اس کی 1.3 ارب ڈالر کی ادائیگی اسی ہفتے متوقع ہے۔