ڈھاکا:بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لگنے والی خوفناک آگ سے ایک ارب ڈالر سے زائد کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، جس نے ملک کی برآمدی صنعت کو شدید خدشات سے دوچار کر دیا ہے۔
ڈھاکا ایئرپورٹ کے کارگو لاجسٹکس سیکشن میں گزشتہ ہفتے کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں تقریباً پینتیس افراد زخمی ہو گئے تھے اور بڑی تعداد میں سامان تباہ ہو گیا تھا۔
آگ پر 27 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا۔ واقعے کے دوران کپڑے، خام مال اور دیگر قیمتی اشیاء مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئیں جبکہ ایئرپورٹ پر پروازوں اور دیگر سرگرمیوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے باعث برآمدی معاہدوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، کیونکہ نقصان میں زیادہ تر سامان بیرون ملک برآمد کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
تحقیقات جاری ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔