سندھ کے سینئر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں نمائش چورنگی پر گرین لائن ٹریک پر پنک بسوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مزید خوش خبریاں سامنے آئیں گی، جن میں شارعِ فیصل پر ڈبل ڈیکر بسوں کا آغاز بھی شامل ہے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں میں بھی خصوصی طور پر خواتین کے لیے بسیں مختص کی جائیں گی، تاکہ انہیں بہتر، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ مفت کسٹمائزڈ بائیکس کا منصوبہ بھی شروع کر رہا ہے، جبکہ خصوصی افراد اور خواجہ سراؤں کے لیے بھی خصوصی بائیکس کی تیاری پر کام جاری ہے، جس سے انہیں آزادانہ اور محفوظ نقل و حرکت کی سہولت مل سکے گی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق تمام تنازعات حل ہونے کے قریب ہیں اور بہت جلد اس حوالے سے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کو بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم پراجیکٹ کی تکمیل کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کے لیے بڑی پیش رفت ثابت ہوگی۔
27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ ترمیم پورے ملک کے لیے ”وِن وِن“ ثابت ہوئی ہے کیونکہ اس کے تحت آئینی عدالت میں تمام صوبوں کو برابر کی نمائندگی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا تصور چارٹر آف ڈیموکریسی میں بھی شامل تھا اور اس عدالت کے قیام سے مقدمات کے بروقت حل اور ڈسپوزل میں تیزی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عدالتیں پارلیمان کے ماتحت ہوں تو اس میں کوئی منفی پہلو نہیں، اور 27ویں ترمیم پر جو تنقید کرنا چاہتا ہے وہ ضرور کرے، مگر یہ قدم نظامِ عدل کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔