اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے ایک بار پھر انسانوں کو مریخ تک پہنچانے کے اپنے طویل المدت منصوبے پر گفتگو کی ہے۔ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کے جواب میں انہوں نے اظہارِ خیال کیا کہ مستقبل میں آج بنجر اور سرخ دکھائی دینے والا سیارہ مریخ بھی سرسبز اور زندگی کے قابل ماحول اختیار کرسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی اس پوسٹ میں مریخ کی ایک خیالی ویڈیو دکھائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح سرخ سیارہ بتدریج سرسبز و شاداب منظر اختیار کرتا ہے۔ ایلون مسک نے ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’مریخ یقیناً ایک دن زندگی کے ساتھ سرسبز ہو جائے گا‘‘۔
واضح رہے کہ اسپیس ایکس 2026 میں بغیر انسانوں کے پانچ اسٹار شپ مشنز مریخ پر بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس حوالے سے ایلون مسک نے ستمبر 2024 کی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ دو برسوں کے دوران یہ پانچ بغیر انسانوں کے مشنز بھیجے جائیں گے، جس کے بعد انسان بردار مشنز روانہ کیے جائیں گے۔
ان کے مطابق ان ابتدائی مشنز کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ آیا اسٹار شپ راکٹ مریخ کی سطح پر محفوظ لینڈنگ کر سکتے ہیں یا نہیں۔ اگر یہ راکٹ کامیابی سے لینڈ کر گئے تو چار برس کے اندر انسان بردار مشنز بھیجے جائیں گے، لیکن اگر تکنیکی چیلنجز پیش آئے تو خلا بازوں کو بھیجنے میں اضافی دو برس کی تاخیر ہو سکتی ہے۔
ایلون مسک نے مزید بتایا کہ مریخ کا سفر ہر دو برس بعد ہی ممکن ہوتا ہے، کیونکہ اسی دوران سورج کے گرد چکر لگاتے ہوئے زمین اور مریخ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈنگ میں کامیابی ملے یا ناکامی، اسپیس ایکس ہر دو سال بعد مزید سے مزید اسٹار شپ مریخ کی جانب روانہ کرتی رہے گی، اور وقت کے ساتھ ہزاروں مشنز وہاں بھیجے جائیں گے۔
یہ منصوبہ ایلون مسک کا پرانا خواب ہے۔ دسمبر 2023 کی ایک پوسٹ میں وہ کہہ چکے ہیں کہ انسانوں کو زمین سے آگے بڑھتے ہوئے چاند پر بیس اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے چاہئیں۔ اگست 2022 میں ایک جریدے کے لیے لکھے گئے مضمون میں انہوں نے کہا تھا کہ انسانی تہذیب کو دیگر سیاروں تک منتقل ہونے کے قابل ہونا چاہیے تاکہ اگر زمین رہائش کے قابل نہ رہے تو انسان خلائی جہاز کے ذریعے نئے گھر کی تلاش کر سکیں۔