گوگل کی جانب سے جی میل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک اہم اور قابلِ توجہ اپ ڈیٹ متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد صارفین کو اپنے اکاؤنٹ سے متعلق مزید سہولت اور لچک فراہم کرنا ہے۔
گوگل اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین اب اپنے پرائمری جی میل ای میل ایڈریس کو اپنے موجودہ گوگل اکاؤنٹ ایڈریس میں تبدیل کر سکتے ہیں، جس کے ذریعے صارفین کو اپنی ڈیجیٹل شناخت میں تبدیلی کی سہولت حاصل ہو گی۔
اس نئے فیچر کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اکاؤنٹ ایڈریس تبدیل ہونے کے باوجود صارف کا تمام ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا، کیونکہ ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی نے اس فیچر کا بتدریج اجرا شروع کیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ڈیٹا کو نقصان نہ پہنچے۔
گوگل کے مطابق جب کوئی صارف نئی جی میل آئی ڈی پر منتقل ہو گا تو اس کا محفوظ شدہ ڈیٹا، جن میں تصاویر، پیغامات اور ای میلز شامل ہیں، کسی بھی صورت متاثر نہیں ہوں گے اور مکمل طور پر برقرار رہیں گے۔
اس کے علاوہ صارفین پرانے یا نئے ای میل ایڈریس دونوں کے ذریعے گوگل کی مختلف سروسز جیسے جی میل، میپس، یوٹیوب اور ڈرائیو میں سائن اِن کر سکیں گے، جس سے استعمال میں مزید آسانی پیدا ہو گی۔
گوگل کا کہنا ہے کہ ایک بار نیا جی میل ایڈریس بنانے کے بعد صارف اگلے بارہ مہینوں تک دوسرا نیا ایڈریس نہیں بنا سکے گا، تاہم پرانا ایڈریس کسی بھی وقت دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ڈیٹا کے محفوظ رہنے کی یقین دہانی کے باوجود گوگل نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تبدیلی کا عمل شروع کرنے سے قبل اپنی اہم معلومات کا بیک اَپ ضرور تیار کر لیں، کیونکہ اس دوران ایپ کی کچھ سیٹنگز دوبارہ ترتیب دی جا سکتی ہیں۔
مزید برآں گوگل نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی صارف یہ جاننا چاہے کہ یہ فیچر اس کے اکاؤنٹ میں فعال ہے یا نہیں تو وہ سیٹنگز میں جا کر ذاتی معلومات کے زمرے میں اس کی دستیابی چیک کر سکتا ہے۔