وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے بحران پر سخت ایکشن لیتے ہوئے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل کر دیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز گیس کی پیداوار اور طلب کے بارے میں غلط معلومات پر تحلیل کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سوئی نادرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی تعداد 14 جبکہ سوئی سدرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد 11 ہے۔ وزیراعظم عمران خان دونوں کمپنیوں کے ایم ڈیز کیخلاف پہلے ہی انکوائری کا حکم دے چکے ہیں۔ دونوں کمپنیوں کے ایم ڈی کیخلاف 4 رکنی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں جاری گیس بحران پر ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خزانہ، پیٹرولیم، پاور ڈویژن کے وزراء اور دیگر اداروں کے سنیئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں گیس کے بحرانی صورتحال، گیس کی پیداوار اور ضروریات سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ دونوں کمپنیوں نے نااہلی کا مظاہرہ کیا اور گیس کی طلب و رسد کی معلومات چھپائیں۔جس پر وزیرِاعظم عمران خان نے سوئی سدرن اور سوئی نادرن کے ایم ڈیز کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا۔وزیر اعظم نے سوئی سدرن اور سوئی نادرن کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقاتی کارروائی 72 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر پیٹرولیم تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔