صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 18 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں 28 اور 29 اکتوبر کو کیے جانے والے 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندستان کے 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، اس سلسلے میں پہلا آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقے میں چلتن پہاڑوں میں کیا گیا جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی، جس میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 14 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ دوسرا آپریشن ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا جہاں فورسز نے دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا، اس کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، دونوں مقامات پر کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ملٹری ترجمان کا کہنا ہے کہ لاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ویژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری ہے، جس کا مقصد ملک سے غیر ملکی پشت پناہی کے حامل دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کوئٹہ اور ضلع کیچ میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف 2 الگ الگ کامیاب کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے آپریشنز میں فتنۃ الہندوستان کے 18 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔