انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے شیڈول اور وینیوز کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سپر ایٹ مرحلے کی تکمیل کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو سیمی فائنلز کے انعقاد سے متعلق نئی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ پہلا سیمی فائنل کولمبو یا کولکتہ میں منعقد ہو سکتا ہے اور اس کا حتمی فیصلہ مخصوص شرائط کے تحت کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے مطابق اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ 4 مارچ کو سیمی فائنل ون کولمبو میں کھیلے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہتا ہے لیکن سری لنکا کوالیفائی کر جاتا ہے اور اس کا مقابلہ بھارت کے علاوہ کسی اور ٹیم سے ہوتا ہے تو ایسی صورت میں سری لنکا سیمی فائنل ون کولمبو میں کھیلے گا۔ اس فیصلے کو میزبان انتظامات اور شائقین کی سہولت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
آئی سی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر نہ پاکستان اور نہ ہی سری لنکا سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرتے ہیں تو پہلا سیمی فائنل کولکتہ جبکہ دوسرا سیمی فائنل ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ مزید برآں اگر بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ ممبئی میں اپنا میچ کھیلے گا، تاہم اگر اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوتا ہے تو ایسی صورت میں میچ کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔