چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے بے روزگار کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے علاج کے اخراجات بھی پی سی بی کی جانب سے برداشت کیے جائیں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں ٹیم کی کارکردگی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کو آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کی محنت اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بے روزگار ہاکی کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا تاکہ انہیں بہتر معاشی سہولیات میسر آ سکیں۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید سے یہ ملاقات قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی جہاں ٹیم کے مستقبل اور تیاریوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ زخمی ہاکی پلیئرز کے علاج کا بندوبست بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا اور پی سی بی پہلے کی طرح ہاکی پلیئرز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم عالمی سطح پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
ملاقات کے بعد ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور کپتان عماد بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی بھرپور حمایت نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے ہیں اور ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔