تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلے میں بنگلادیش نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔
میرپور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا۔
بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 107 رنز بنائے جبکہ توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کو آغاز ہی سے مشکلات کا سامنا رہا تاہم سلمان علی آغا کی شاندار سنچری نے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔
سلمان علی آغا نے 106 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ سعد مسعود نے 38، شاہین شاہ آفریدی نے 37 اور عبدالصمد نے 34 رنز بنائے۔
تاہم پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور آخری گیند پر 279 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 4، مستفیض الرحمان نے 3 اور ناہید رانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں تقریباً 11 سال بعد کامیابی حاصل کی ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش کامیاب رہا تھا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئیس طریقہ کار کے تحت 128 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔