وزیراعظم شہباز شریف نے خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور ان کے غذائی تحفظ کا خیال رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ملک میں غذائی ذخائر اور اشیائے خورونوش کی برآمدات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو ملک میں موجود غذائی ذخائر اور زرعی پیداوار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی بنیادی غذائی شے کی قلت کا سامنا نہیں۔ حکام نے بتایا کہ پاکستان زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری مصنوعات اور سی فوڈ کی برآمدات میں نمایاں صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے تاکہ ملکی ضروریات متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی کو ترجیح دی جائے اور برادر خلیجی ممالک کے غذائی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے برآمدات کا مؤثر نظام بنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ برآمد کی جانے والی تمام مصنوعات اعلیٰ معیار پر پورا اتریں۔
وزیراعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو بھی ہدایت دی کہ خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں اور ٹریڈ افسران کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔